رشتہ دینے سے انکار پر ستم : بااثر افراد نے لڑکی کے والد کی ناک اور ہونٹ کاٹ دیے

متاثرہ شخص کو طبی امداد کے لیے نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،2ملزمان گرفتار

October 20, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راجن پور: محمد پور دیوان میں رشتہ دینے سے انکار پر بااثر افراد نے سفاکی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے لڑکی کے والد کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ، بدترین انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اس کے ناک اور ہونٹ کاٹ دیے۔

راجن پور پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ شخص کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رشتہ نہ دینے کی رنجش پر ملزمان نے اشتعال میں آ کر اس دردناک واقعے کو جنم دیا۔

ترجمان راجن پور پولیس کے مطابق واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں واقعے میں ملوث 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور کیس کے دیگر تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مظلوم کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔