نومبر میں نئی ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں کراچی آرہی ہیں، روٹس کے انتظامات مکمل کیے جائیں ، شرجیل انعام میمن
محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ سطح اجلاس میں ریڈ لائن، یلو لائن، اورنج اور گرین لائن کے باہمی انضمام کا جائزہ ، تاج حیدر پل اور ڈیپوز پر کام تیز کرنے کی ہدایت
فائل فوٹو
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی ہے کہ نومبر میں آنے والی نئی ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کے نئے روٹس شروع کرنے کے لیے تمام ضروری اور درکار انتظامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو، ایم ڈی ایس ایم ٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو صوبے میں جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں یلو لائن اور ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں، بی آر ٹی منصوبوں کے باہمی انضمام اور نومبر میں آنے والی نئی بسوں کے آپریشنل روٹس سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آر ٹی کی مختلف لائنوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط (Connect) کرنے سے شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں انتہائی آسانی ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف بی آر ٹی لائنوں کی تعمیر کافی نہیں ہے بلکہ ان تمام کے درمیان ایک مؤثر اور مستحکم سفری رابطہ قائم کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ اورنج لائن، گرین لائن، ریڈ لائن اور یلو لائن کو باہم مربوط کرنے سے کراچی کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی بہترین سفری سہولیات میسر آسکیں گی۔
شرجیل انعام میمن نے افسران کو ہدایت کی کہ یلو لائن اور ریڈ لائن کے مختلف حصوں، پلوں اور دیگر تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے خاص طور پر مین تاج حیدر پل کے دوسرے حصے اور یلو لائن کے ڈیپوز پر بھی جاری کاموں کی رفتار تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔
سینئر وزیر نے اعادہ کیا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے دائرہ کار میں مسلسل اضافے اور شہریوں کو جدید، آرام دہ اور بہتر سفری نظام فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں اور وسائل بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔