محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے عمران خان ہی ہٹا سکتے ہیں، شوکت یوسفزئی
شوکت یوسفزئی کاپارٹی میں نظم و ضبط کی کمی پراظہار تشویش،اندرونی معاملات میڈیا پرلانے کی مخالفت
محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے صرف عمران خان ہی ہٹا سکتے ہیں، پارٹی میں نظم و ضبط قائم کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اسد قیصر کی جانب سے اپنے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے صرف عمران خان ہی ہٹا سکتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بعض پارٹی ارکان کی جانب سے میڈیا پر قیادت کی کردار کشی قابل مذمت ہے۔ پارٹی میں نظم و ضبط کی شدید کمی ہے اور کسی بھی رکن کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اجلاس کی اندرونی کہانی میڈیا پر بیان کرے۔
انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی قابل احترام اور سینئر پارلیمنٹیرین ہیں، انہیں ہٹائے جانے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ عمران خان نے اچکزئی صاحب کو اپوزیشن لیڈر بنایا ہے، اس لیے وہی انہیں اس عہدے سے ہٹا سکتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سے درخواست کی کہ وہ پارٹی میں نظم و ضبط قائم کریں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مشکل وقت میں پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔