پاکستان کا بھارت میں اوور 50 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار
حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث دفاعی چیمپئن پاکستان نے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا
پاکستان کا بھارت میں اوور 50 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار
پاکستان کی ویٹرنز کرکٹ ٹیم آئندہ سال بھارت میں ہونے والے اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔ حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث دفاعی چیمپئن پاکستان نے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان کے مطابق قومی ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کے لیے حکومت کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد ورلڈ کپ میں شرکت ممکن نہیں رہی۔
فواد اعجاز خان نے بتایا کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی فراہمی اور سخت سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اس کے باوجود ایسوسی ایشن نے دورۂ بھارت کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے باضابطہ اجازت طلب کی تھی۔
ان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹیم کو آگاہ کیا کہ اسے بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا انعقاد 23 جنوری سے 7 فروری تک حیدرآباد دکن، بھارت میں شیڈول ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں ہونے والے گزشتہ ایڈیشن میں کامیابی حاصل کرکے عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا، تاہم اب ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں نہیں اتر سکے گی۔
فواد اعجاز خان نے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کیا اور ٹورنامنٹ کے منتظمین سمیت شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔