کراچی میں پولیس مقابلہ، رکشہ گینگ کے تین مبینہ ملزمان گرفتار

پولیس کا ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ

October 21, 2026 · قومی
کراچی میں پولیس مقابلہ، رکشہ گینگ کے تین مبینہ ملزمان گرفتار

کراچی میں پولیس مقابلہ، رکشہ گینگ کے تین مبینہ ملزمان گرفتار

کراچی: شہر قائد میں ایسٹ پولیس نے بلوچ پل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد گوپانگ رکشہ گینگ کے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں ایک زخمی بھی شامل ہے، جبکہ پولیس نے ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق رات گئے ٹیپو سلطان پولیس اور شاہین فورس کے اہلکاروں نے بلوچ پل کے قریب رکشے میں سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا، جبکہ دو دیگر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار افراد کی شناخت غلام شبیر، تنویر اور رکشہ ڈرائیور سمیر ضمیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں کا تعلق گوپانگ گینگ سے ہے اور وہ شہر میں اسٹریٹ کرائم اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے حالیہ دنوں میں گلستانِ جوہر، مبینہ ٹاؤن، بہادرآباد اور ان کے قریبی علاقوں میں بھی وارداتیں کیں۔ ملزمان پر الزام ہے کہ وہ مسافروں کو رکشے میں بٹھا کر لوٹتے اور بعد ازاں انہیں سنسان مقامات پر چھوڑ کر فرار ہوجاتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار افراد اور سیکڑوں موبائل فونز کی برآمدگی سے متعلق مقدمے میں بھی مطلوب تھے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین مبینہ غیر قانونی پستول، گولیاں، متعدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی، جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان کو تھانے منتقل کرکے واقعے کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔