سہیل آفریدی کی حراست کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے 10 روز میں رپورٹ طلب کرلی

بھائی محمد عامر نے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سہیل آفریدی کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔

October 21, 2026 · قومی
سہیل آفریدی کی حراست کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے 10 روز میں رپورٹ طلب کرلی

سہیل آفریدی کی حراست کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے 10 روز میں رپورٹ طلب کرلی

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے سہیل آفریدی کی مبینہ حراست کے خلاف دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے 10 روز کے اندر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق سہیل آفریدی کی بازیابی کے لیے ان کے بھائی محمد عامر نے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سہیل آفریدی کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں بھی وزیراعلیٰ کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

عدالت نے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ آیا سہیل آفریدی گرفتار ہیں یا کسی مقدمے میں نامزد کیے گئے ہیں۔ اس معاملے پر عدالت نے انسپکٹر جنرل پولیس، کیپیٹل سٹی پولیس افسر، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

عدالتی حکم کے مطابق متعلقہ حکام 10 روز کے اندر سہیل آفریدی کی موجودگی اور قانونی حیثیت سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں گے۔ کیس کی مزید سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔