میر رضا قتل کیس میں کوتاہی کرنے والوں کو سزا ملے گی، شرجیل میمن
میر رضا کیس میں سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت جوڈیشل کمیشن قائم کیا گیا تھا، جبکہ کمیشن کی رپورٹ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی۔
میر رضا قتل کیس میں کوتاہی کرنے والوں کو سزا ملے گی، شرجیل میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے واضح کیا ہے کہ میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے گا اور جس کی بھی غفلت سامنے آئی، اسے سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے بتایا کہ میر رضا کیس میں سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت جوڈیشل کمیشن قائم کیا گیا تھا، جبکہ کمیشن کی رپورٹ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے تین سینئر وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ناصر شاہ شامل ہیں، جو رپورٹ کا مطالعہ کرکے اپنی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کریں گے۔
شرجیل میمن کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، تاہم کسی ایک شخص کی غلطی کا ذمہ دار پورے محکمے کو ٹھہرانا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے ماضی میں کئی بڑے مقدمات بھی حل کیے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ تیار ہے، جبکہ ریڈ لائن منصوبے میں یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام ایک بڑا چیلنج تھا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مشکل مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور اب اسٹیشنز اور ڈپو کی تعمیر باقی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ پر اب شہریوں کو پہلے جیسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، تاہم تجاوزات کے مسائل موجود ہیں۔ یلو لائن منصوبے پر بھی کام شروع ہونا ہے، جس کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ جام صادق پل کا دوسرا حصہ بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات پر پیشگی معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ نومبر میں بڑی تعداد میں ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں کراچی کے ٹرانسپورٹ مسائل حل کرنے کی جانب پیش رفت جاری ہے۔