کراچی،کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے مزدور جاں بحق، ایک زخمی

جاں بحق مزدور کی شناخت 35 سالہ محمد سہیل ولد شاہ محمد کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی مزدور 45 سالہ وحید ہے

October 21, 2026 · قومی
کراچی،کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے مزدور جاں بحق، ایک زخمی

کراچی،کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے مزدور جاں بحق، ایک زخمی

کراچی: کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے مزدور جاں بحق، ایک زخمی، گیس چولہے کے دھماکے میں میاں بیوی بھی جھلس گئے

کراچی کے علاقے پورٹ قاسم کے قریب ایک کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب کورنگی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں گھر کے اندر مبینہ طور پر گیس کا چولہا پھٹنے سے میاں بیوی جھلس کر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ایم ای سی سی نامی کیمیکل کمپنی میں ویلڈنگ کے دوران گیس بھرنے کے باعث بوائلر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں دو مزدور جھلس کر زخمی ہوئے، جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی الخدمت اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق مزدور کی شناخت 35 سالہ محمد سہیل ولد شاہ محمد کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی مزدور 45 سالہ وحید ہے۔ پولیس حکام کے مطابق زخمی مزدور کو مزید علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں کورنگی نمبر 6، جمعہ گوٹھ میں ٹی بی اسپتال کے قریب ایک گھر میں مبینہ طور پر گیس کا چولہا پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 19 سالہ مہک اور ان کے 25 سالہ شوہر اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔