لاہور میں ایل پی جی کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
جب تک پلانٹ مالکان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی، اس وقت تک صارفین کو سرکاری نرخ پر ایل پی جی فراہم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔دکانداروں کا مؤقف
لاہور میں ایل پی جی کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
لاہور میں مائع گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 560 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری نرخ پر عمل درآمد کرانے میں انتظامیہ ناکام دکھائی دیتی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم اس کے باوجود دکاندار مقررہ نرخ سے کہیں زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں۔
دکانداروں کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار پلانٹ مالکان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک پلانٹ مالکان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی، اس وقت تک صارفین کو سرکاری نرخ پر ایل پی جی فراہم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث وہ مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف مل سکے۔