اسٹیٹ بینک کا مانیٹری پالیسی اجلاس 26 اکتوبر کو ہوگا، شرح سود میں اضافے کا امکان
اسٹیٹ بینک نے 14 ستمبر کو ہونے والے گزشتہ مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فائل فوٹو
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 26 اکتوبر کو ہوگا، جس میں آئندہ مانیٹری پالیسی اور شرح سود کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق شرکا کی اکثریت نے شرح سود میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ بعض شرکاء کے خیال میں موجودہ شرح سود برقرار رہ سکتی ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، مارکیٹ سروے کے نتائج کے مطابق 61 فیصد شرکاء کو توقع ہے کہ 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں شرح سود بڑھا دی جائے گی۔
سروے میں شامل 54 فیصد شرکاء نے شرح سود میں 0.50 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی ہے جب کہ 7 فیصد شرکاء کے خیال میں شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب 39 فیصد مارکیٹ شرکاء نے توقع ظاہر کی ہے کہ اسٹیٹ بینک شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا اور اسے موجودہ سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے 14 ستمبر کو ہونے والے گزشتہ مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔