ایم کیو ایم کے تین کارکنان 12 مئی کے مقدمات میں بری
انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ،استغاثہ کے شواہد اور گواہوں کےبیانات پر دفاع نے اعتراضات اٹھائے تھے
فائل فوٹو
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے تین مقدمات میں ایم کیو ایم کے کارکنان عمیر صدیقی، رئیس الدین عرف رئیس مما اور مرزا نسیم الدین عرف رضوان چپاتی کو بری کردیا۔
کراچی سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے تین مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران جیل حکام نے ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما اور مرزا نسیم بیگ عرف رضوان چپاتی کو عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے مقدمات میں نامزد تینوں ملزمان کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دیا۔ ملزمان کی جانب سے وکلا نواز خان اور مشتاق احمد نے پیروی کی۔
سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان رئیس الدین عرف مما اور رضوان چپاتی دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کرائے گئے بیانات میں اعتراف جرم کرچکے ہیں۔
دوسری جانب وکیل صفائی مشتاق احمد نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں اور گواہوں کے بیانات میں بھی تضاد ہے۔ ان کے مطابق ملزمان کے اعترافی بیانات میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، جبکہ کسی گواہ نے ملزمان کو جائے وقوعہ پر نہیں دیکھا۔
پولیس کے مطابق سابق میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر ملزمان کے خلاف سانحہ 12 مئی کے چھ مقدمات اب بھی زیر سماعت ہیں۔ ملزمان کے خلاف یہ مقدمہ 2007 میں ایئرپورٹ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔