کراچی میں معروف برانڈز کی 5 جعلی ادویات پکڑی گئیں ، الرٹ جاری

مذکورہ ادویات غیر قانونی طور پر تیار کرکے مارکیٹ میں سپلائی کی گئیں، ان کا معیار اور افادیت غیر واضح ہے جبکہ استعمال جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے ، ڈیپ الرٹ

October 21, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران کراچی سے ناک، گلے، سینے، گردے کے انفیکشن، الرجی، پٹھوں کی سوزش اور امراض معدہ کی معروف برانڈز کے نام پر تیار کردہ جعلی ادویات پکڑی گئیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کراچی نے 5 ادویات کے بیچز کے سیمپلز جعلی قرار دے دیے ہیں، سندھ ڈرگ حکام کی اطلاع پر جعلی ادویات کے ریپڈ الرٹس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ڈریپ الرٹ کے مطابق کراچی میں معدے کی جلن کے معروف میوکین سیرپ کا ایک بیچ جعلی فروخت ہو رہا تھا جبکہ سینے، ناک، گلے اور گردے کے انفیکشن کیلئے استعمال ہونے والی معروف اینٹی بائیوٹک آگمنٹین ٹیبلٹ اور نمونیہ، معدے اور گردے کے انفیکشن کی دوا ویلوسیف کیپسول کے جعلی بیچز بھی پکڑے گئے۔

اسی طرح اینٹی الرجک نیزل سپرے نیزومٹ کا بیچ ایف ڈبلیو 099 اور پٹھوں کی سوزش کی دوا نوسپا فورٹ 80 ایم جی کا بیچ AN010 بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق جعلی ادویات نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے معروف برانڈز کے ناموں پر تیار کی گئی تھیں، پانچوں جعلی ادویات کے سیمپلز میں خام مال کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ادویات غیر قانونی طور پر تیار کرکے مارکیٹ میں سپلائی کی گئیں، ان کا معیار اور افادیت غیر واضح ہے جبکہ استعمال جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈریپ نے صوبائی ڈرگ حکام اور فیلڈ فورس کو جعلی ادویات کے متعلقہ بیچز فوری ضبط کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔