انڈس ہائی وے سے اغوا کیے گئے پانچ افراد بازیاب، 17 تاحال لاپتا

پانچ مغوی چار گھنٹے پیدل چل کر واپس پہنچ گئے،17 افراد کی بازیابی کے لیے پولیس کا آپریشن جاری

October 21, 2026 · قومی

انڈس ہائی وے پر چیڑا مائنر کے قریب مسافر کوچ اور چشمہ شوگر ملز کی بس سے اغوا کیے گئے پانچ افراد واپس پہنچ گئے، مغویوں نے تقریباً چار گھنٹے پیدل سفر کیا، جبکہ 17 افراد تاحال لاپتا ہیں اور پولیس کا بازیابی آپریشن جاری ہے۔ (فوٹو: فائل)

ڈیرہ اسماعیل خان: انڈس ہائی وے پر چیڑا مائنر کے قریب مسافر کوچ اور چشمہ شوگر ملز کی بس سے اغوا کیے گئے پانچ افراد واپس پہنچ گئے، تاہم 17 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انڈس ہائی وے پر چیڑا مائنر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے مسافر کوچ اور چشمہ شوگر ملز کی بس سے متعدد افراد کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا تھا۔

بعد ازاں گاڑیوں سے اتارے گئے پانچ افراد ارسلان، ماجد، کاشف، شیراز اور حماد کو چھوڑ دیا گیا۔ واپس پہنچنے والے افراد نے بتایا کہ وہ تقریباً چار گھنٹے پیدل چل کر واپس آنے میں کامیاب ہوئے۔

واقعے کے خلاف مغویوں کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے پروا اڈا کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کرکے احتجاج بھی کیا۔

دوسری جانب 17 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہے اور مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔