نواب شاہ: تھانہ اے سیکشن کے مال خانے سے چوری 90 لاکھ روپے کے طلائی زیورات برآمد
کیس کے نامزد ملزم اور سابق ہیڈ محرر فہیم انڑ کی گرفتاری کے بعد دورانِ تفتیش اس کی نشان دہی پر مسروقہ سونا برامد کیا گیا،ایک قیمتی ہار نہیں مل سکا
فائل فوٹو
نواب شاہ : تھانہ اے سیکشن نواب شاہ کے مال خانے سے پراپرٹی کیس کے تحت رکھے گئے قیمتی سونے کے زیورات چوری ہونے کے مقدمے میں پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہو گئی ہے۔ پولیس نے کیس میں نامزد سابق ہیڈ محرر کی نشان دہی پر چوری شدہ طلائی زیورات کا بڑا حصہ برآمد کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق برآمد کیے گئے سونے کے زیورات کی کل مالیت تقریباً 90 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ یہ اہم برآمدگی کیس کے نامزد ملزم اور سابق ہیڈ محرر فہیم انڑ کی گرفتاری کے بعد دورانِ تفتیش اس کی نشان دہی پر عمل میں لائی گئی۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کیس پراپرٹی میں شامل ایک قیمتی طلائی ہار تاحال برآمد نہیں ہو سکا ہے، جس کی تلاش کے لیے ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانے کے مال خانے سے مالِ غنیمت و کیس پراپرٹی غائب ہونے کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی گئی تھی۔ اس چوری کے مقدمے میں مجموعی طور پر چار سابق ہیڈ محرروں کو نامزد کیا گیا تھا، جن پر سرکاری تحویل میں موجود امانت میں خیانت اور چوری کے الزامات عائد ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری اور بقایا طلائی ہار کی برآمدگی کے لیے تحریری و قانونی کارروائی تیزی سے جاری ہے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔