سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان کو ملائیشیا نے شکست دیدی

پاکستانی ٹیم 54ویں منٹ تک دو ایک کی برتری حاصل کرنے کے باوجود آخری چھ منٹ میں دو گول کھا کر میچ ہار گئی۔

October 21, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

جوہر بارو : سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائیشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔ پاکستانی ٹیم 54ویں منٹ تک دو ایک کی برتری حاصل کرنے کے باوجود آخری چھ منٹ میں دو گول کھا کر میچ ہار گئی۔

جوہر بارو میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔ دوسرے کوارٹر کے 21ویں منٹ میں ملائیشیا کے ناونیش پانیکر نے گول کرکے میزبان ٹیم کو برتری دلادی۔

پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں شاندار واپسی کی۔ عدیل نے 36ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا اور پھر 43ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے پاکستان کو دو ایک کی برتری دلادی۔

پاکستانی ٹیم میچ کے آخری کوارٹر میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی تھی کہ 51ویں منٹ میں رانا ولید کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا وہ میدان سے باہر چلے گئے، جس کا ملائیشیا نے فائدہ اٹھاتے ہوئے 55ویں منٹ میں محمد صالح کے گول کی بدولت مقابلہ دو دو سے برابر کردیا جبکہ 57ویں منٹ میں ناونیش پانیکر نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے میزبان ٹیم کو 2-3 کی فیصلہ کن برتری دلادی۔

پاکستان نے آخری لمحات میں مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی، تاہم کامیابی نہ مل سکی۔ پاکستان کے عدیل اور ملائیشیا کے ناونیش پانیکر نے میچ میں دو، دو گول اسکور کیے۔

سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا اگلا میچ جمعے کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔