بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کیس، سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی

جسٹس عبہر گل خان نے شہری شہریز خان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے رانا مدثر، سلیمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

October 22, 2026 · قومی
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کیس، سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کیس، سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہنوں علیمہ خانم، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

جسٹس عبہر گل خان نے شہری شہریز خان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے رانا مدثر، سلیمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے سیکریٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور کو 28 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں جواب سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے فوری رپورٹ طلب کرنے کی استدعا پر فیصلہ بھی محفوظ کر لیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نظر بندی کے احکامات ختم ہوئے تین روز گزر چکے ہیں، تاہم متعلقہ حکام توسیع کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کر رہے۔

اس پر جسٹس عبہر گل خان نے استفسار کیا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست میں فریق کیوں نہیں بنایا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کسی کو فریق بنائے بغیر اسے طلب کرنا یا اس سے رپورٹ طلب کرنا ممکن نہیں۔ اس موقع پر وکیل کو متفرق درخواست کے ذریعے ڈپٹی کمشنر لاہور کو فریق بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

سماعت کے دوران عظمیٰ خان کے شوہر احد خان نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ تینوں خواتین کی عمریں 70 سال سے زیادہ ہیں اور ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے روسٹرم پر ایک سے زائد افراد کے بیک وقت بولنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور وکیل کو اپنے موکل کو مطمئن کرنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔