جامعہ کراچی کے طلبہ کے لیے 8 بسیں فراہم کرنے کا اعلان
بسوں کی فراہمی کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان شرکت کریں گے
جامعہ کراچی کے طلبہ کے لیے 8 بسیں فراہم کرنے کا اعلان
کراچی: جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کو درپیش سفری مشکلات کم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کراچی نے 8 بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے مختلف ٹاؤنز کی جانب سے جامعہ کراچی کے لیے یہ بسیں فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں فیصلہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
بسوں کی فراہمی کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی سید محمد سمیر الحق کی بھی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے بسیں فراہم کرنے کا مقصد طلبہ و طالبات کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کم کرنا اور جامعہ کراچی آنے جانے کے لیے سفری سہولت بہتر بنانا ہے۔