ہیری بروک کی سری لنکا کے خلاف 116 گیندوں پر ڈبل سنچری،کئی ریکارڈ توڑ ڈالے
انگلینڈ کے پہلے کپتان جنہوں نے ون ڈے ڈبل سنچری بنائی،پاکستان میں سب سے بڑا مجموعہ بھی بنا دیا
فوٹو: اے ایف پی
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف صرف 116 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کرکے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے۔ ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے 75 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جبکہ اگلی 39 گیندوں پر ڈبل سنچری بنا لی۔
ہیری بروک نے بھارت کے شبمن گل کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 30 ستمبر 2026 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 117 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔
انگلش کپتان مینز ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 182 رنز بنائے تھے۔
ہیری بروک پاکستان کی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹر بھی بن گئے۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے سابق بلے باز گیری کرسٹن کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 1996 کے ورلڈ کپ میں راولپنڈی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف 188 رنز بنائے تھے۔
اس کے علاوہ ہیری بروک ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔
ہیری بروک کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف دیا۔ یہ پاکستان میں ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 375 رنز بنائے تھے۔