لائبہ اعجاز کیس اور یتیم بچے کے قتل کے ملزمان کی ہلاکت،سینیٹ میں تحریک جمع
پولیس کے دھمکی آمیز رویے،ناقص خدمات اور مبینہ بدعنوانی سے عوامی اعتماد شدید متاثر ہونے کاانکشاف
فوٹو: فائل
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پولیس مقابلوں میں مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں اور پولیس اختیارات کے ناجائز استعمال کا معاملہ سینیٹ میں اٹھاتے ہوئے رول 218 کے تحت تحریک جمع کرادی۔
تحریک میں اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز کے کیس کے مرکزی ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت اور ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کے قتل کے ملزم توقیر کی بہاولپور میں ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس مقابلے میں ہلاکت کا حوالہ دیا گیا ہے۔
تحریک کے مطابق پولیس کے ساختی، سیاسی اور عملی مسائل قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کو کمزور کر رہے ہیں۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ پولیس کے دھمکی آمیز رویے، ناقص خدمات اور مبینہ بدعنوانی کے باعث عوام کا پولیس پر اعتماد شدید متاثر ہوا ہے۔