لاہور میں اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار
اطلاع ملنے پر مزنگ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ لڑکی کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا
لاہور میں اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار
لاہور کے مزنگ علاقے میں اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو لڑکی کو روک کر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر مزنگ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ لڑکی کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار نے اسکوٹی پر جانے والی لڑکی کو اوورٹیک کرکے روکا اور موٹرسائیکل سے اتر کر اسے پکڑتے ہوئے زمین پر گرا دیا۔ ملزم نے لڑکی کے بال کھینچے، گالم گلوچ کی اور اسے ہراساں کیا۔ موقع پر موجود افراد نے مداخلت کرکے لڑکی کو ملزم سے بچایا۔
مقدمے کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ چھین کر زمین پر پھینک دیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ ٹوٹ گیا۔ تشدد کے باعث لڑکی کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ اس کے چہرے پر بھی زخم آئے۔
واقعے کے بعد ملزم اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا، جسے موقع پر موجود افراد نے پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور ملزم کو سخت سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔