پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے کا فیصلہ

ان اقدامات کا مقصد گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل روکنا اور اشیائے خورونوش کی دستیابی بہتر بنانا ہے۔

October 23, 2026 · قومی
پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں آٹے کی فراہمی کے نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے اور مارکیٹ میں صرف 10 کلو کا بیگ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل روکنا اور اشیائے خورونوش کی دستیابی بہتر بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بین الصوبائی سرحدوں پر نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ اسکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم کاشت کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران کیلے، سیب اور کھجور کی کنٹرول نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اس مقصد کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے علاقوں میں کولڈ اسٹوریج کی گنجائش اور ضروریات کے مطابق پھلوں کا ذخیرہ رکھنے کے انتظامات کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اجلاس میں سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

پنجاب میں پہلی مرتبہ ’’ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ انٹو ویلتھ‘‘ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کے تحت منڈیوں کے فضلے کو کارآمد بنانے پر کام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی بہتر بنانے کے لیے ڈی ہائیڈریشن منصوبے کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے صوبے کے پہلے منڈی مارٹ منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب بھر میں ایسے مراکز قائم کرنے کے لیے بھی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں کھلے دودھ کی فروخت کو ضابطوں کے تحت لانے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ، خوراک کی مناسب فراہمی، قیمتوں میں استحکام اور گندم و دیگر اجناس کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام ہے۔