مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات
پاکستان اور چین کے تعلقات سفارتی روابط تک محدود نہیں، بلکہ یہ باہمی اعتماد، محبت اور نسل در نسل دوستی پر مبنی ہیں
مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات
لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، سی پیک، معاشی ترقی، ماحولیاتی تحفظ، ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات سفارتی روابط تک محدود نہیں، بلکہ یہ باہمی اعتماد، محبت اور نسل در نسل دوستی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 2029 تک کاروبار کے لیے سازگار معاشی ماحول پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے برآمدات بڑھانے، مصنوعات میں اضافی قدر پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ چین کے تعاون سے آئندہ سال بین الاقوامی معیار کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ پنجاب میں فضائی آلودگی کی نگرانی کرنے والے اسٹیشنز کی تعداد 69 ہو چکی ہے، جبکہ اسے بڑھا کر 100 کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیجنگ کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے سال بھر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال اور فضائی آلودگی کی مؤثر نگرانی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے سپر سیڈرز اور بیلرز استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ زرعی باقیات کو کارآمد معاشی وسائل میں تبدیل کرنے کے لیے جدید طریقوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ پنجاب میں صاف توانائی اور الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا منصوبہ ماحول دوست سفری سہولتوں کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
صحت کے شعبے سے متعلق مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتیں بہتر بنانے اور ضلعی سطح پر کینسر مراکز قائم کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ ان کے مطابق صحت اور تعلیم میں اصلاحات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پاک چین تعاون کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے چینی عہدیدار کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔