بیرسٹر گوہر کی پشاور اپیکس کمیٹی اجلاس کی حمایت، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کا مطالبہ

دہشت گردی پورے ملک کے لیے ناسور ہے، اس کے خاتمے کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔بیرسٹر گوہر

October 23, 2026 · قومی
بیرسٹر گوہر کی پشاور اپیکس کمیٹی اجلاس کی حمایت، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کا مطالبہ

بیرسٹر گوہر کی پشاور اپیکس کمیٹی اجلاس کی حمایت، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعظم کی زیر صدارت پشاور میں ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر کوئی دو رائے نہیں اور اسے ہر صورت ختم ہونا چاہیے۔ دہشت گردی پورے ملک کے لیے ناسور ہے، اس کے خاتمے کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کو 160 ارب روپے فراہم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر وفاقی حکومت اب یہ رقم دے رہی ہے تو پہلے صوبے کو کیوں نہیں دی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی تقسیم ضروریات کے مطابق ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے خدشہ ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں طویل عرصے تک رہنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس طرح صوبے کا مینڈیٹ چھینا گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت گرفتار کرنا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں ارکان اسمبلی پر مشتمل کوئی الگ گروپ موجود نہیں، جبکہ سلمان اکرم راجہ نے اس حوالے سے غلطی سے بیان دیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کے تمام سات ارکان صوبائی اسمبلی اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں۔