وفاق خیبرپختونخوا کو مزید فنڈز دینے پر آمادہ ہے، طلال چوہدری
این ایف سی کے تحت خیبرپختونخوا کو ملنے والی یہ اضافی رقم دیگر صوبوں کے حصے سے مختلف ہے
وفاق خیبرپختونخوا کو مزید فنڈز دینے پر آمادہ ہے، طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید فنڈز فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔ ان کے مطابق صوبے کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت ایک فیصد اضافی حصہ بھی دیا جاتا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ این ایف سی کے تحت خیبرپختونخوا کو ملنے والی یہ اضافی رقم دیگر صوبوں کے حصے سے مختلف ہے اور اس مد میں ساڑھے 8 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق قبائلی علاقوں (سابق فاٹا) کا آڈٹ صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ سے متعلق محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) کا ایک اجلاس ابھی باقی ہے، جس کے بعد رپورٹ سیفران کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔
طلال چوہدری کے مطابق سیفران کمیٹی نے ہی مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم وفاقی حکومت دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات کے پیش نظر اضافی رقم فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔