ڈیانا کیس میں ملزم تنویر کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع
عدالت میں ضمانت کی کارروائی کے دوران احاطہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی
ڈیانا کیس میں تنویر کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع
لاہور کی سیشن کورٹ نے غیر ملکی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم تنویر کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تفتیش میں شامل نہیں ہو رہا، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ اسے کمرہ عدالت میں ہی شامل تفتیش کیا جائے۔
سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کے مطابق غیر ملکی خاتون نے کہا ہے کہ تنویر اس کا ملزم نہیں ہے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ خاتون کو پاکستان بلوایا جائے یا ویڈیو لنک کے ذریعے اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔
عدالتی کارروائی کے دوران سیشن کورٹ میں پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ اس موقع پر پولیس اور ملزم کے ساتھ آنے والے افراد کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کے ساتھ آنے والے بعض افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا، تاہم تنویر وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ دوسری جانب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے ملزم کو سیشن کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے بھائی سمیت دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ تاہم ملزم کی گرفتاری اور دیگر افراد کی حراست سے متعلق اطلاعات کی سرکاری سطح پر تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔