لاہور میں بسنت 12 سے 14 مارچ 2027 تک منانے کا اعلان
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی
لاہور میں بسنت 12 سے 14 مارچ 2027 تک منانے کا اعلان
لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور میں بسنت منانے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق شہر میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منائی جائے گی۔
اس حوالے سے سیکرٹری داخلہ احمد جاوید کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں بسنت کے دوران حفاظتی انتظامات اور پتنگ بازی کے لیے عمارتوں کی چھتوں کو محفوظ بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہدایات کے مطابق 31 دسمبر 2026 سے پہلے چھتوں پر کم از کم ساڑھے تین فٹ بلند حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازم ہوگا، جبکہ پتنگ بازی کے لیے مختص چھتوں کی مرمت بھی یقینی بنانا ہوگی۔
سیکرٹری داخلہ احمد جاوید نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا تفصیلی معائنہ کروائیں۔ جن عمارتوں کی حالت تسلی بخش نہیں ہوگی، وہاں پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی مضبوطی اور پائیداری کی ذمہ داری مالک مکان پر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بجلی کی تاریں کسی چھت کے قریب ہوں تو عمارت کے مالکان انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز پتنگوں اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی مقررہ حدود کے مطابق نگرانی کریں گے۔
حکام کے مطابق بسنت کے دوران حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔