کراچی،نجی نیوز چینل کی چوری ہونے والی ڈی ایس این جی وین مل گئی

کمپنی کی جانب سے تنخواہ ادا نہ کیے جانے کے باعث یہ قدم اٹھایا، ملزم کادعویٰ

October 23, 2026 · قومی
کراچی،نجی نیوز چینل کی چوری ہونے والی ڈی ایس این جی وین مل گئی

کراچی،نجی نیوز چینل کی چوری ہونے والی ڈی ایس این جی وین مل گئی

کراچی میں نجی نیوز چینل کی چوری ہونے والی ڈی ایس این جی وین مل گئی ہے۔ واقعے میں ملوث گرفتار ملزم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے تنخواہ ادا نہ کیے جانے کے باعث اس نے یہ قدم اٹھایا، جبکہ سیکیورٹی کمپنی کی انتظامیہ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کی میڈیا وین رات کی ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی گارڈ مبینہ طور پر چوری کرکے فرار ہوگیا تھا۔ واقعہ رات تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی تھی۔

گرفتار ملزم کا کہنا ہے کہ اسے تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی، جس کی وجہ سے اس نے وین چوری کی۔ دوسری جانب سیکیورٹی کمپنی کی انتظامیہ کے مطابق ملزم کو ملازمت پر رکھے ہوئے صرف تین ہفتے ہوئے تھے، اس لیے تین ماہ کی تنخواہ نہ ملنے کا دعویٰ درست نہیں۔

چینل انتظامیہ کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھیوں نے ڈی ایس این جی وین سے سیٹلائٹ کا سامان بھی نکال لیا ہے۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس واردات میں گرفتار ملزم کے علاوہ مزید تین افراد بھی ملوث ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ملزم اور کمپنی انتظامیہ کے مؤقف میں اختلاف کے باعث تنخواہ سے متعلق دعووں کی تصدیق تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی۔