خواتین کسی بھی صورت اپنی تصاویر شیئر نہ کریں،تصاویر اور ویڈیوز سے ملزمان بلیک میل کرتے ہیں،محسن نقوی
محسن نقوی کی خواتین اورشہریوں کو اپیل،سائبر کرائم سے بچاؤ کےلیے آگاہی مہم شروع کرنے کااعلان
سائبر کرائم کے پاس بچیوں سے ہراسانی کے کیس سب سے زیادہ آ رہے ہیں: وزیر داخلہ— فوٹ:فائل
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ خدارا کسی بھی صورت اپنی تصاویر شیئر نہ کریں، کیونکہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ملزمان انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں عوامی مسائل کو سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے ماؤں اور بہنوں سے درخواست کی کہ اپنی تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ملزمان انہیں بلیک میل کرتے ہیں، جبکہ سائبر کرائم کے پاس بچیوں کو ہراساں کرنے کے سب سے زیادہ کیسز آرہے ہیں۔ بچیوں اور عام شہریوں کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کوئی آن لائن پیسے مانگے تو ہرگز رقم منتقل نہ کریں۔ کوئی شخص بیمار بن کر پیسے مانگے تو بھی رقم ٹرانسفر نہ کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بچیوں اور عام شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مہم شروع کی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کے پاس 61 افراد موجود ہیں۔ کوشش ہے کہ سائلین کے مسائل حل کرنے کے لیے عملے کی تعداد پوری کی جائے۔ این سی سی آئی اے نے کئی اہم کیسز میں ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔