آر فور ممالک کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی،سعودی خودمختاری،علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ
استنبول اجلاس میں خلیجی بحران کے سماجی و اقتصادی اثرات پر غور،اسحاق ڈار کا کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستانی سفارتی کردار پر زور
فوٹو: ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل آر فور ممالک نے حوثیوں کے حملوں کے خلاف سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ استنبول میں ہونے والے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال، سیکیورٹی چیلنجز اور علاقائی استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق استنبول میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کا چھٹا آر فور اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی بھی شریک ہوئے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں گزشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال، اس سے متعلق سیکیورٹی چیلنجز اور تنازعات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق آر فور ممالک نے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت بھی کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکا نے تمام ممالک کی خودمختاری کے احترام کی اہمیت پر زور دیا اور علاقائی رابطہ کاری مضبوط بنانے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ چاروں ممالک نے پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آر فور اور ای فور ممالک کا مشترکہ اجلاس
استنبول میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل آر فور، جبکہ فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ پر مشتمل ای فور ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خلیج کی صورت حال کے سماجی اور اقتصادی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے خطے کے امن، سیکیورٹی اور استحکام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی کوششیں ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصبوں کو آگاہ کیا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے، بڑھتی ہوئی بدامنی روکنے اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی اور ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اجلاس میں شریک ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس معاملے پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار کی جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے استنبول میں آر فور اور ای فور وزارتی اجلاس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فول سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک جرمن دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے مسلسل رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے پاک جرمن تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل عالمی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آر فور فریم ورک کے ساتھ جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے تعمیری روابط کا خیرمقدم کیا اور باعث تشویش امور پر مسلسل مشاورت اور سفارتی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔