آزاد کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس،شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت

24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا قیام عوام کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ تھا، صدر ،وزیراعظم

October 24, 2026 · قومی
آزاد کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس،شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت

آزاد کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس،شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے 79ویں یومِ تاسیس کے موقع پر صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے شہدائے کشمیر، مجاہدینِ آزادی اور تحریکِ آزادی کے بانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 24 اکتوبر قربانی، عزم اور آزادی کی جدوجہد کی علامت ہے۔ 24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا قیام عوام کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ تحریکِ آزادی کشمیر کا بنیادی مقصد ابھی مکمل نہیں ہوا۔ آزاد کشمیر تحریکِ آزادی کی ایک اہم امانت ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مشکلات اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ وادی کے عوام کی ثابت قدمی اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔ انہوں نے قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی، مضبوط اداروں اور عوامی حقوق کے تحفظ کو مستحکم معاشرے کی بنیاد قرار دیا۔

ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطن کو امن، اتحاد، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنے کا اہم موقع ہے۔ 24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومت کا قیام تحریکِ آزادی کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل تھا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

افتخار گیلانی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگی۔

یومِ تاسیس کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے حصول کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔