ندیم نانی والا کی بہن کو مبینہ پروٹوکول دینے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی
پروٹوکول دینے اور گرفتاری کے بعد پیسے لے کر چھوڑنے کے الزامات پر ڈیفنس بی پولیس کے ایس ایچ او سمیت 3 اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی بہن گرفتار،مقدمہ درج
لاہور: معروف ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی بہن سامیہ مبارک کو مبینہ طور پر پروٹوکول دینے اور گرفتاری کے بعد پیسے لے کر چھوڑنے کے الزامات پر ڈیفنس بی پولیس کے ایس ایچ او سمیت 3 اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کی زد میں آنے والوں میں ایس ایچ او ڈیفنس بی، محرر اور ایک لیڈی کانسٹیبل شامل ہیں۔ سامیہ مبارک کو مبینہ طور پر بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر روکا گیا تھا، جس کے بعد پولیس اہلکاروں پر اختیارات سے تجاوز کرنے اور مبینہ طور پر رقم لے کر چھوڑنے کے الزامات سامنے آئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے تینوں اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے، جبکہ معاملے کی انکوائری ایس ایس پی آپریشنز کے سپرد کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران الزامات ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ تاہم، الزامات کی حتمی تصدیق انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گی۔