پولیو ورکرز قوم کے ہیرو ہیں، پنجاب سے وائرس کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے،مریم نواز
بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے والدین سمیت معاشرے کے ہر فرد کا تعاون ضروری ہے۔
پولیو ورکرز قوم کے ہیرو ہیں، پنجاب سے وائرس کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے،مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے والدین اور عوام سے انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ورکرز قوم کے ہیرو ہیں۔ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے والدین سمیت معاشرے کے ہر فرد کا تعاون ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ والدین پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران ویکسین کے دو قطرے ضرور پلوائیں، کیونکہ ویکسین سے انکار بچوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
مریم نواز شریف کے مطابق رواں سال پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ صوبے سے اس وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت سرگرم ہیں، جبکہ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں باقاعدگی سے انسدادِ پولیو مہم چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 13 حساس اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ وائرس کی موجودگی اور پھیلاؤ پر نظر رکھنے کے لیے مختلف علاقوں سے ماحولیاتی نمونے لے کر ان کی مسلسل جانچ بھی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ملک بھر کے ساتھ پنجاب کے منتخب اضلاع میں 2 سے 8 نومبر 2026 تک جاری رہنے والی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مہم کی نگرانی کے لیے ضلعی محکمہ صحت، انتظامیہ اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
مریم نواز شریف نے زور دیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنا ضروری ہیں، کیونکہ غفلت کی صورت میں وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے والدین، طبی عملے، پولیو ورکرز اور عوام پر زور دیا کہ وہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔