مرید عباس قتل کیس کا اشتہاری ملزم عادل زمان دبئی سے واپسی پر گرفتار
ملزم سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے بعد فرار ہوگیا تھا اور چھ سال سے مفرور تھا۔
مرید عباس قتل کیس کا اشتہاری ملزم عادل زمان دبئی سے واپسی پر گرفتار
پشاور: اینکر مرید عباس قتل کیس میں اشتہاری ملزم عادل زمان کو دبئی سے واپسی پر پشاور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے بعد فرار ہوگیا تھا اور چھ سال سے مفرور تھا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری کے کئی روز گزرنے کے باوجود صوبوں کے درمیان ضروری کاغذی کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث ملزم کو تاحال کراچی منتقل نہیں کیا جا سکا۔
مقدمے کے مطابق عاطف زمان اور عادل زمان پر کراچی کے علاقے درخشاں میں فائرنگ کرکے اینکر مرید عباس اور خضر حیات کو قتل کرنے کا الزام تھا۔
سیشن عدالت نے جرم ثابت ہونے پر عاطف زمان کو سزائے موت سنائی تھی، جبکہ عادل زمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
مقدمے کے مدعی کی جانب سے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کی۔ ملزم عادل زمان کی گرفتاری کے بعد اب اسے کراچی منتقل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے درمیان قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل ہونا باقی ہے۔