سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے گھر چوری، لاکھوں روپے کا سامان غائب
پرسنل سیکریٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے گھر چوری، لاکھوں روپے کا سامان غائب
راولپنڈی کے علاقے جاتلی کے ڈھوک امب میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات پیش آئی، جہاں سے مختلف اشیا سمیت لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔
پولیس نے راجہ پرویز اشرف کے پرسنل سیکریٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم ملزمان رہائش گاہ سے 3 ایئر کنڈیشنر، 2 دروازے، 2 کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی اشیا اور گھاس کاٹنے والی مشین لے گئے۔ گھر کے مختلف مقامات پر تالے ٹوٹے ہوئے بھی پائے گئے۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ رہائش گاہ پر تعینات گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب ہے۔ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق ملازم گزشتہ رات سے موجود نہیں تھا، جبکہ اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔