پٹرول پمپ ملازم تشدد کیس، صلح کے بعد ملزم سعادت انیس کی رہائی کا حکم

ضلع کچہری لاہور نے فریقین کے درمیان راضی نامے پر جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی

October 24, 2026 · قومی

لاہور میں پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کے مقدمے میں اہم پیش رفت، فریقین کے درمیان صلح کے بعد عدالت نے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ضلع کچہری لاہور نے پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے مقدمے میں فریقین کے درمیان صلح ہونے پر گرفتار ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد علی امجد نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس کے مطابق مدعی نے ملزم کے ساتھ راضی نامہ کرلیا ہے۔ مدعی نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا، فریقین کے درمیان صلح ہوچکی ہے اور وہ مقدمے میں مزید کارروائی نہیں چاہتا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پولیس نے ملزم سے تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم فریقین کے درمیان راضی نامہ ہونے کی بنیاد پر عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا تھا۔