لاہور میں ایک شہری کے نام پر 2 ہزار 354 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف
نمبر پلیٹ سے چھیڑ چھاڑ پر موٹرسائیکل سوار روکا گیا،28 لاکھ روپے سے زائد چالان واجبات سامنے آگئے
فائل فوٹو
لاہور: صوبائی دارالحکومت میں ایک شہری کے نام پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس نے ٹریفک اہلکاروں کو بھی حیران کر دیا۔
واقعہ ہال روڈ پر جنرل ہولڈ اپ کے دوران پیش آیا، جہاں نمبر پلیٹ سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر ایک موٹرسائیکل سوار کو روکا گیا۔ اس کے بعد گاڑی کی ملکیت کی جانچ پڑتال کی گئی تو غیر معمولی تفصیلات سامنے آئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق محمد عثمان نامی شہری کے نام پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں رجسٹرڈ پائی گئیں۔ مذکورہ شہری کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر اب تک 2 ہزار 813 ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق محمد عثمان کے ذمے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی مد میں 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے واجب الادا ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ٹریفک پولیس نے متعلقہ موٹرسائیکل کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں بند کر دیا ہے، جبکہ اصل مالک کی تلاش کے لیے سیف سٹی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔