کراچی میں منکی پاکس کا وار، ڈیڑھ سالہ بچہ دورانِ علاج جاں بحق
خوفناک بیماری کا پھیلاؤ، سندھ میں اموات کی تعداد 12 ہو گئی، رواں سال مجموعی کیسز 98 تک پہنچ گئے
فائل فوٹو
کراچی میں منکی پاکس کی وباء شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں اس خطرناک بیماری سے متاثر ہونے والا ڈیڑھ سالہ بچہ دورانِ علاج دم توڑ گیا ہے۔ اسپتال کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر سے تھا، جسے چند روز قبل ایک نجی اسپتال سے متعدی امراض کے مرکز نیپا منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھا۔ طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بچے کی موت منکی پاکس کے باعث ہی واقع ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ بھر میں رواں سال کے دوران منکی پاکس کے مجموعی طور پر 98 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ اس موذی مرض سے جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد اب 12 تک پہنچ گئی ہے۔ صرف ایک ہفتے کے دوران صوبے بھر میں بیماری کے مزید 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں کراچی کا علاقہ سرفہرست ہے۔
صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں منکی پاکس کی مجموعی صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ وباء کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس متعدی مرض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔