ملتان میں خاتون سے زیادتی کا دعویٰ جھوٹا نکلا،رقم لے کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے کا انکشاف

پولیس کے مطابق مالی تنازع پر مخالف کو پھنسانے کے لیے میاں بیوی کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے دیے گئے

October 24, 2026 · قومی

فائل فوٹو

شوہر اور بچوں کے ساتھ سفر کرنے والی خاتون سے مبینہ زیادتی اور ڈکیتی کا واقعہ خود ساختہ نکلا۔ پولیس کے مطابق میاں بیوی نے رقم لے کر جھوٹا مقدمہ درج کرایا تھا، جبکہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کے شواہد بھی نہیں ملے۔

پولیس کے مطابق مبینہ زیادتی اور ڈکیتی کا واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا تھا، جس کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ عابد نامی شخص کا ایک دوسرے شخص کے ساتھ مالی لین دین کا تنازع تھا۔ عابد نے سعد نامی شخص اور اس کی بیوی کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے دیے اور انہیں یہ بھی بتایا کہ مخصوص مقام پر جا کر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر کال کرکے ڈکیتی کا ڈرامہ کیسے رچانا ہے اور زیادتی کا دعویٰ کیسے کرنا ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی نے رقم لے کر منصوبے کے تحت ڈرامہ کیا، جس کے بعد ڈکیتی اور زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

میڈیکل اور تکنیکی شواہد سے حقیقت سامنے آگئی

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ میڈیکل اور تکنیکی شواہد سے واقعے کے خود ساختہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔

مزید تحقیقات کے لیے پولیس نے میاں بیوی کو طلب کیا تو انہوں نے اپنے موبائل فون بند کردیے۔ پولیس کے مطابق جیو فینسنگ کے ذریعے ملزمان کے عابد نامی شخص سے مسلسل رابطوں کا پتا چلا۔ بعد ازاں عابد کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف کیا کہ مالی تنازع کے باعث مخالف کو پھنسانے کے لیے سعد اور اس کی بیوی کو رقم دی تھی۔

پولیس نے جھوٹا مقدمہ درج کرانے کے الزام میں عابد اور میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ عابد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ میاں بیوی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مزید تین مقدمات درج

پولیس نے الگ سے مزید تین مقدمات بھی اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت درج کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ان مقدمات میں ملزمان نے گزشتہ 6 سے 8 ماہ کے دوران زیادتی کے جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات درج کرائے اور دورانِ ٹرائل عدالت میں صلح کرلی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقدمات بنیادی طور پر بلیک میلنگ کی نیت سے درج کرائے گئے تھے۔