مظفر آباد میں جیپ کھائی میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق، سانگھڑ میں 4 ہلاک
مظفرآباد کے نواحی علاقے شکر پٹیاں میں جیپ پر 7 افراد سوار تھے، چھ موقع پر ہی چل بسے
مظفر آباد میں جیپ کھائی میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق، سانگھڑ میں 4 ہلاک
ملک کے مختلف حصوں میں پیش آنے والے ٹریفک کے الگ الگ حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام اور پولیس کے مطابق پہلا بڑا حادثہ مظفرآباد کے نواحی علاقے شکر پٹیاں میں پیش آیا جہاں گھاس سے لدی ایک مسافر جیپ دشوار گزار راستے پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت گاڑی میں 2 بچوں سمیت 7 افراد سوار تھے۔
حکام کے مطابق جائے حادثہ انتہائی کٹھور اور دشوار گزار ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں ریسکیو حکام نے تصدیق کی کہ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔
دوسرا افسوسناک واقعہ سندھ کے ضلع سانگھڑ کے تعلقہ ٹنڈو آدم جھول روڈ پر پیش آیا جہاں کراچی سے سانگھڑ جانے والی ایک مسافر کوچ اور کار کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ بعد ازاں حیدرآباد منتقلی کے دوران ایک اور زخمی خاتون بھی دم توڑ گئی، جس سے مجموعی اموات کی تعداد 5 تک پہنچ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور 1 بچہ شامل ہے، جبکہ دیگر زخمی ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کا تعلق ضلع مٹیاری کی تحصیل سعید آباد کے نواحی گاؤں بلال کھوسو سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں نیز زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈو آدم منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔