اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 افغان ملزمان ہلاک
ملزمان کو مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ایک کباڑ خانے لے جایا گیا تھا، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 افغان ملزمان ہلاک
اسلام آباد میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کے دوران دو زیرِ حراست افغان ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ایک کباڑ خانے لے جایا گیا تھا، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ راول ٹاؤن کے قریب پیش آیا، جہاں زیرِ حراست ملزمان عبداللہ اور ملہے خان کو ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جایا گیا تھا۔ اس دوران جنگل میں چھپے چار ملزمان نے دونوں زیرِ حراست افراد کو چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران عبداللہ اور ملہے خان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہوگئے، جبکہ بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان افغان شہری تھے اور ایک خاتون سے موبائل فون چھیننے اور مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کے مقدمے میں گرفتار تھے۔ دونوں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھے۔