پیٹرولیم لیوی ختم ہو تو پیٹرول 225 روپے فی لیٹر ہوسکتا ہے، حافظ نعیم

اگر عوام کو مناسب ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی۔

October 26, 2026 · قومی
پیٹرولیم لیوی ختم ہو تو پیٹرول 225 روپے فی لیٹر ہوسکتا ہے، حافظ نعیم

پیٹرولیم لیوی ختم ہو تو پیٹرول 225 روپے فی لیٹر ہوسکتا ہے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی اور ٹیکسز میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر عوام کو مناسب ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکج عوامی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔ ان کے مطابق موٹرسائیکل سواروں اور طلبہ کو ہفتہ وار 500 روپے کا ریلیف دینے سے مہنگائی کے مسائل حل نہیں ہوسکتے، جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ ڈیڑھ کروڑ موٹرسائیکل سوار حکومتی پیکج سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش سمیت روزمرہ استعمال کی دیگر چیزیں بھی مہنگی ہوتی ہیں، اس لیے عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرنے اور ریفائنریوں کے منافع کے مارجن میں کمی سے پیٹرول کی قیمت تقریباً 225 روپے فی لیٹر تک آسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے میں پیٹرولیم لیوی عائد کرنا لازمی شرط نہیں، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں بھی کمی نہیں آرہی۔

امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ ان کی جماعت مہنگائی کے خلاف عوامی آگاہی کے لیے متعدد جلسے، احتجاج اور دستخطی مہم چلا چکی ہے۔ ان کے مطابق 42 شہروں میں دھرنوں کے بعد حکومت نے کچھ ریلیف دیا، تاہم موجودہ اقدامات عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کا احساس کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزرا نے ایک مرتبہ پھر جماعت اسلامی کی کمیٹی سے رابطہ کیا ہے، تاہم جماعت کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حکومت سے محض ملاقات یا سیاسی سرگرمی کے لیے مذاکرات نہیں کرنا چاہتی بلکہ اس کی بنیادی ترجیح عوام کو ریلیف دلانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے مطالبات پر عمل نہ کیا تو نومبر کے وسط میں اسلام آباد مارچ کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے فلسطین کی صورتِ حال پر بھی بات کی اور کہا کہ فلسطینی عوام امن کے منتظر ہیں، جبکہ ان کے بقول اقوام متحدہ عالمی مسائل حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔