سرکریک سے بھارتی سکیورٹی فورس کے ہاتھوں 4 پاکستانی ماہی گیر گرفتار

سمندری حدود کی خلاف ورزی کا الزام،بھارتی فورس نے ماہی گیروں کی کشتی قبضے میں لے لی،فشر فوک فورم کا رہائی کا مطالبہ

October 26, 2026 · قومی

سرکریک سے بھارتی سکیورٹی فورس نے 4 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرکے کشتی قبضے میں لے لی، فشر فوک فورم کا جلد رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ۔

بھارت نے سرکریک میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں 4 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرکے ان کی کشتی قبضے میں لے لی۔

فشر فوک فورم کے وائس چیئرمین نور محمد تھیمور کے مطابق چار ماہی گیر عبدالقادر تھیمور، محمد موسیٰ، اصغر تھیمور اور احسان گہرے سمندر میں مچھلی اور جھینگے کے شکار کے لیے گئے تھے، جہاں بھارتی سکیورٹی فورس نے چاروں پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔

وائس چیئرمین فشر فوک فورم کے مطابق چاروں ماہی گیروں کا تعلق سجاول کے ساحلی علاقے چھچھ جہان خان سے ہے۔

فشر فوک فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار ماہی گیروں کی خیریت اور قانونی حیثیت سے متعلق فوری معلومات فراہم کی جائیں، جبکہ ان کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے انسانی بنیادوں پر ضروری اقدامات کیے جائیں