پاکستان نے 54 ارب روپے کی چینی درآمد کرلی، تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

مالی سال 2025-26 میں 3 لاکھ 6 ہزار 373 میٹرک ٹن چینی درآمد کی گئی۔وزارت تجارت

October 26, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وزارت تجارت کے مطابق مالی سال 2025-26 میں 3 لاکھ 6 ہزار 373 میٹرک ٹن چینی درآمد کی گئی۔

وزارت تجارت کے جواب کے مطابق 31 اگست 2026 تک درآمد کی گئی چینی پر 54 ارب 15 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے، اس عرصے کے دوران عالمی منڈی میں چینی کی قیمت 575.56 امریکی ڈالر فی میٹرک ٹن تھی جبکہ درآمد پر 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی ختم کی گئی تھی۔

وزارت تجارت نے واضح کیا کہ چینی کی درآمد کا فیصلہ وزارت قومی غذائی تحفظ نے کیا تھا، اس معاملے میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کا کوئی کردار نہیں تھا۔

وزارت تجارت کے مطابق درآمد کی گئی چینی میں سے ایک لاکھ 98 ہزار 668 میٹرک ٹن چینی 168 روپے 24 پیسے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا چکی ہے جبکہ باقی ایک لاکھ 8 ہزار 69 میٹرک ٹن چینی ٹی سی پی کے گوداموں میں موجود ہے۔

وزارت تجارت نے بتایا کہ ٹی سی پی کے گوداموں میں موجود چینی کی برآمد کے لیے تاحال کوئی ٹینڈر جاری نہیں کیا گیا۔