شرح سود میں اضافے سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی،صنعت کار ایسوسی ایشن

صنعتی شعبہ پہلے ہی بلند پیداواری لاگت،مہنگائی اور کساد بازاری کا شکار،صنعت کاروں کا شرح سود میں اضافے پر اظہارِ تشویش

October 26, 2026 · قومی

شرح سود 12 فیصد کرنے سے صنعتی و کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی، فباٹی کا اظہارِ تشویش، مہنگی فنانسنگ سے سرمایہ کاری اور برآمدات کو مشکلات کا خدشہ۔

فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) نے نئی مانیٹری پالیسی کے تحت شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس کے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کے برآمدی شعبے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے عالمی منڈیوں میں حریف ممالک کے ساتھ مسابقت انتہائی مشکل ہو جائے گی۔

فباٹی کے صدر سید رضا حسین نے کہا کہ شرح سود 11.5 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کرنا صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق مہنگی فنانسنگ کے باعث صنعتوں اور کاروباری اداروں کی لاگت میں مزید اضافہ ہوگا، کیونکہ صنعتی شعبہ پہلے ہی بلند پیداواری لاگت، مہنگائی، کساد بازاری اور مختلف معاشی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں شرح سود میں اضافہ صنعتی شعبے کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔ بلند شرح سود کے باعث کاروباری اداروں کے لیے قرضوں کا حصول مہنگا ہو جائے گا، جس سے نئی سرمایہ کاری، صنعتوں کی توسیع اور پیداواری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔