بہاولپور:ہوٹل میں میاں بیوی پر مبینہ تشدد، وزیراعلیٰ کے نوٹس پر چوکی انچارج گرفتار
مقدمہ بھی درج ،ولیس سب انسپکٹر نے ہوٹل میں چیکنگ کے دوران مبینہ طور پر میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا
بہاولپور:پنجاب کے علاقے بہاولپور میں ہوٹل میں میاں بیوی پر مبینہ تشدد کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس پر چوکی انچارج کو گرفتار کرلیا گیا۔
بہاولپور میں ہوٹل کے اندر میاں بیوی پر مبینہ تشدد کے واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے لاری اڈہ پولیس چوکی کے انچارج سب انسپکٹر محمد اویس کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا، جہاں پولیس سب انسپکٹر نے ہوٹل میں چیکنگ کے دوران مبینہ طور پر میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس پر متعلقہ پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی، پولیس حکام کے مطابق سب انسپکٹر محمد اویس کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکام نے کہا کہ اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کے معاملے پر قانونی کارروائی جاری ہے، واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور پولیس کی تفتیش کے نتائج سامنے آنے پر صورتِ حال واضح ہوگی۔