کراچی:کورنگی میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق،اہلیہ زخمی، مشتعل ہجوم نے گاڑی نذرِ آتش کر دی

خوفناک ٹریفک حادثہ، تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

October 27, 2026 · قومی
کراچی:کورنگی میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق،اہلیہ زخمی، مشتعل ہجوم نے گاڑی نذرِ آتش کر دی

کراچی:کورنگی میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق،اہلیہ زخمی، مشتعل ہجوم نے گاڑی نذرِ آتش کر دی

کراچی کے علاقے کورنگی جام صادق پل پر ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں شوہر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے طیش میں آ کر ٹریلر کو آگ لگا دی، جس سے گاڑی جل کر خاکستر ہو گئی۔

پولیس اور امدادی ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ وقار ولد مسکین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کی زخمی ہونے والی اہلیہ کو فوری طور پر جناح اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کے نتیجے میں خاتون کی دونوں ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹریلر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا ایاز خان نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے عوام کے ہاتھوں جلائے جانے والے ٹریلر کو اپنے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی نے موقع پر پہنچ کر ٹریلر میں لگی آگ پر قابو پایا۔ حادثے کے باعث جام صادق پل اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔