بلاول بھٹو زرداری کا کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ
کسی قوم کو اس بنیادی حق سے محروم رکھنا عالمی انصاف اور انسانی حقوق کے دعوؤں پر سوالات اٹھاتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق، کسی قوم کو اس بنیادی حق سے محروم رکھنا عالمی انصاف اور انسانی حقوق کے دعوؤں پر سوالات اٹھاتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقے کی حیثیت کا معاملہ نہیں، بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی، شناخت اور مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی عزتِ نفس اور اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کے حق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کو دہرانے کا موقع ہے۔ ان کے مطابق، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے اصولی مؤقف اور خطے میں پائیدار امن کے تناظر میں اجاگر کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر محض بیانات تک محدود نہ رہیں، بلکہ حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستانی عوام کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں اور آزادی کے لیے ان کی جدوجہد اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرینگر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور خطے میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔