پاکستان ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان
قومی خواتین ٹیم کی تیاریوں کے لیے تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں لگایا جائے گا۔
پاکستان ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ منیبہ علی کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے، جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔
ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کی 12 کھلاڑیوں کو نئے اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
اعلان کردہ ٹیم میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔ اسپن باؤلنگ کے شعبے میں نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن اور ام ہانی کو موقع دیا گیا ہے، جبکہ وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب فاسٹ باؤلرز کے طور پر اسکواڈ کا حصہ ہوں گی۔
دس ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں ہر ٹیم چار میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس کی تین، تین بہترین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں ہر ٹیم مزید تین میچ کھیلے گی۔ اس مرحلے کی سرفہرست دو ٹیمیں 26 نومبر کو فائنل میں ٹرافی کے لیے مقابلہ کریں گی۔
قومی خواتین ٹیم کی تیاریوں کے لیے تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں لگایا جائے گا۔