سی پیک نے پاک چین معیشتوں کو جوڑا، انفارمیشن کوریڈور عوام کو قریب لائے گا:عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے دونوں ممالک کی معیشتوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور سمجھ بوجھ کو مزید فروغ دے گا۔

October 27, 2026 · قومی
سی پیک نے پاک چین معیشتوں کو جوڑا، انفارمیشن کوریڈور عوام کو قریب لائے گا:عطا تارڑ

سی پیک نے پاک چین معیشتوں کو جوڑا، انفارمیشن کوریڈور عوام کو قریب لائے گا:عطا تارڑ

اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دور میں معلومات اور رابطے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ جو قوم اپنا مؤقف خود پیش نہیں کرتی، اس کے بارے میں دوسروں کے بیانیے کو فروغ ملتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک قیمتی ورثہ ہے، جسے نئی نسل تک منتقل کرنا دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ذرائع ابلاغ، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے مؤثر انداز میں استفادہ کرنا ضروری ہے۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق سی پیک نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو عملی ترقی میں تبدیل کیا، جس کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے مختلف منصوبوں پر کام کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں زمینی رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر توجہ دی گئی، جبکہ اگلے مرحلے میں عوام کے درمیان روابط اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک 2.0 کے تحت ترقی، روزگار، جدت اور ماحول دوست منصوبوں کے ذریعے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔