لاہور کے علاقے چوہنگ میں گھر پر فائرنگ سے حاملہ خاتون کا نومولود جاں بحق
سنگین واقعہ، مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، ایک خاتون اغوا
فائل فوٹو
لاہور کے علاقے چوہنگ میں پیش آنے والے ایک دلخراش واقعے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 ماہ کی حاملہ خاتون کے پیٹ میں گولی لگ گئی، جس سے نومولود بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد زخمی خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی پولیس رپورٹس اور دستیاب دستاویزات کے مطابق، صبح سویرے دو مسلح ملزمان گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آنے والی حاملہ خاتون شدید زخمی ہوئیں جبکہ پیٹ میں گولی لگنے کی وجہ سے نومولود جاں بحق ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گھر کے مالک شہروز نے 2 شادیاں کر رکھی ہیں، اور حملہ آور فائرنگ کے دوران شہروز کی پہلی بیوی کو زخمی کرنے کے بعد دوسری بیوی کو مبینہ طور پر اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق، واقعے کا مقدمہ درج کر کے نامزد ملزمان حمزہ اور اسامہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور خواتین پر تشدد یا اس نوعیت کے سنگین جرائم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔